انکم ٹیکس فائل کرنے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کی جائے،فہیم الرحمٰن سہگل

01 اکتوبر ، 2023

لاہور(سپیشل رپورٹر) پیاف کے چئیرمین فہیم الرحمان سہگل نے ایف بی آر سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ میںایک ماہ کی توسیع کی جائے تاکہ تاجر و صنعتکار با آسانی اپنے گو شوارے جمع کروا سکیں۔ ایف بی آر کا سسٹم اپڈیٹ نہ ہونا، ملکی معاشی حالات، کاروباری مندے، تجارتی تنظیموں کے ماہ ستمبر میں انتخابات کی بے یقینی کی وجہ سے بزنس کمیونٹی کیلئے مقررہ تاریخ تک ٹیکس ریٹرن جمع کروانا ممکن نہیں ہے، انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع نہ صرف تاجر برادری بلکہ حکومت کے اپنے مفاد میں بھی ہے اس سے حکومت کو ریونیو اہداف حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ فہیم الرحمان سہگل نے کہانے کہا کہ ایف بی آر اپنے سسٹم کو جلد از جلد اپ گریڈ کرے، تاجروں کو ٹیکس ریٹرن جمع کروانے میں متعلقہ سٹاف اور ٹیکس وکلاء سے رابطہ میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں، اسی طرح اکثر تاجر ابھی تک اپنے کھاتے بھی تیار نہیں کر سکے اور بینکوں اور دیگر محکموں سے متعلقہ ریکارڈ حاصل کرنے میں دقت آ رہی ہے،پیاف عہدیداران نے نگران حکومت، وزارت خزانہ، ایف بی آر سے درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے تاجر اور کاروبار دوست ہونے کا ثبوت دیں۔