نواز شریف کی وطن واپسیمریم نواز اور حمزہ شہباز آج سے لاہور میں جلسوں کا آغاز کرینگے

01 اکتوبر ، 2023

لاہور(خصوصی نمائندہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کے لئے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں ، پارٹی قائد کے استقبال کو کامیاب بنانے کے لئے سرگرم چیف آرگنائزر مریم نواز شریف اور حمزہ شہباز شریف آج (اتوار ) سے لاہور میں جلسوں کا آغاز کریں گے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) پارٹی قائد نواز شریف کے 21 اکتوبر کو پرتپاک استقبال کے لئے کارکنوں کو متحرک کرنے میں مصروف ہے اور اسی سلسلے میں صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف حلقوں میں 7 جلسے شیڈول کیے گئے ہیں جن سے پارٹی کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز اور نائب صدر حمزہ شہباز شریف خطاب کریں گے۔ذرائع کے مطابق مریم نواز اور حمزہ شہباز آج (اتوار ) کو لاہور میں حلقہ این اے 123 میں عوام کا لہو گرمائیں گے۔ حلقہ این اے 123شاہدرہ میں پہلے جلسے سے شام سات بجے مریم نواز اور حمزہ شہباز خطاب کریں گے۔مقامی رہنمائوں کی جانب سے جلسے کے لئے بھرپور تیاریاں کی گئی ہیں۔