پی ٹی آئی نے 9مئی کے واقعات پر جے آئی ٹی کی رپورٹ مسترد کردی

01 اکتوبر ، 2023

لاہور(خصوصی رپورٹر)پی ٹی آئی نے 9مئی کے واقعات پر جے آئی ٹی کی رپورٹ کو مسترد کر دیا جبکہ سائفر کیس میں ایف آئی اے کی جانب سے عدالت میں جمع کرائے گئے چالان کو بھی یکسر مسترد کردیا،ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان و وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی کے خلاف جمع کرایا گیا چالان سائفر کے جعلی اور بوگس مقدمے کی طرح بے معنی اور بے وقعت ہے،ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے بارہا سائفر کی آزادانہ اور غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا جس کیلئے چیف جسٹس اور صدر کوخطوط لکھے گئے لیکن آج تک کوئی پیش رفت نہ ہو سکی،جیل میں خفیہ ٹرائل سے لر کرسائفر کیس کی عدالتی کارروائی کو بلاجواز ملتوی کرنے تک بے انصافی کی نئی روایات قائم کی گئی ۔دریں اثنا پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا،پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے اجلاس کے اعلامیہ میں چیف جسٹس سے نوے روز کی آئینی مدت میں عام انتخابات کے انعقاد کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا کی ہے،پاکستان تحریک انصاف اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نوّے روز کی آئینی مدت میں عام انتخابات کے انعقاد کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرچکی ہیں ۔ کور کمیٹی تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ نگران وزیراعظم کی جانب سے سرکاری وسائل پر دنیا کی سیر نہایت قابلِ مذمت ہے۔