پنجاب ، سندھ کچے میں بیک وقت آپریشن کرینگے ، دونوں وزرائے اعلی کا فیصلہ

01 اکتوبر ، 2023

لاہور (نیوزرپورٹر)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں سانحہ جڑانوالہ کی انکوائری رپورٹ پیش کردی گئی جس کے بعد جے آئی ٹی تشکیل دینے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا۔ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں لاہور کی 9 تحصیلیں بنانے کی منظوری دی گئی ، لاہورکی انتظامی لحاظ سے تقسیم کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کابینہ کے ہمراہ سروسز ہسپتال کا دورہ کیا ، ماڈل وارڈ اورماڈل روم کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہدایات دیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب کابینہ کا متفقہ فیصلہ ہے کہ سانحہ جڑانوالہ پر جے آئی ٹی نہیں بنائی جائے گی ، لاہور میں دو ڈپٹی کمشنرز ہونے چاہئیں یا نہیں، اس بات کا تعین کرنے کیلئے کمیٹی بنا دی گئی ہے۔انجکشن سکینڈل میں پرائیویٹ لوگ شامل ہیں ، ملوث تمام بااثر عناصرکوقانون کی گرفت میں لائے ہیں۔آشوب چشم کا انجکشن سکینڈل کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ،انھوں نے کہامیرے علم ہے کہ ایم ایس سروسز ہسپتال کو باقاعدہ طورپر تھریٹ کیا جارہا ہے،جو لوگ بھی تھریٹ کررہے ہیں ان سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا ، نگران وزیر اعلیٰ سندھ مقبول باقر سے نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کراچی میں وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی،جس میں کچے میں آپریشن، گندم کی نئی قیمت اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے اعلیٰ نے کچے میں بیک وقت آپریشن پر اتفاق کیا۔ گندم کی نئی قیمت باہمی مشاورت سے مقرر کرنے پربھی اتفاق کیا گیا، وزیراعلیٰ نے کابینہ کے ہمراہ نوازشریف انٹرچینج بیدیاں روڈانڈرپاس پراجیکٹ کا بھی دورہ کیا۔ تعمیراتی کاموں پر اطمینان کااظہار کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا انٹرچینج کو 17اکتوبر تک ٹریفک کیلئے کھول دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خدشے کی وجہ سے مشکوک لوگوں کو گرفتار کیاگیا ہے۔تیل کی قیمتیں زیادہ بڑھی ہیں،لیکن ہم نے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے نہیں بڑھائے ،وزیر اعلی نے رات گئے سے علی الصبح تک تھانہ فیکٹری ایریا شیخوپورہ اور تھانہ شفیق آباد بند روڈ کا معائنہ کیا ، تھانہ فیکٹری ایریا شیخوپورہ میں موبائل چوری و ڈکیتی کی درخواستوں پر24 گھنٹے میں ایف آئی آر کا اندراج نہ ہونے پر شدید برہمی کااظہار کیا اورایس ایچ او کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کاحکم دیا اور کہاکہ مقرر کردہ مدت کے اندردرخواستوں پر کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج ہونا چاہیے، انسپکٹر جنرل پولیس کو بھی ہدایات جار ی کیں ، سود کی رقم واپس نہ کرنے اور چیک باونس کیس کا تھانہ شفیق آباد کی حوالات میں بند ایک ملزم اپنی داستان سناتے رو پڑا۔وزیر اعلی نے ملزم کے ذمہ واجب الااد رقم ادا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اسکی رہائی کے لیے قانونی کارروائی پوری کرنے اور سود کا کاروبار کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا ، مال خانہ کو بہتر جگہ منتقل کرنے کی ہدایت کی ،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کے زیراہتمام الحمراء ہال میں عید میلاد النبیؐ کے سلسلے میں مقابلہ نعت خوانی میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا سرکاری ملازمین اگر ڈیوٹی پوری نہیں کرتے تو یہ بھی حرام ہے۔وقت پر ڈیوٹی دیں اوراپنی زندگی میں حرام نہ لائیں ، اساتذہ اچھی تعلیم دیں تو یہ معاشرہ بہتر ہوجائیگا۔اگر کوئی کہے کہ پاکستان ختم ہو رہا ہے تو ان باتوں پر کان نہ دھریں ، ہم سب نے اپنا حصہ ڈال کر اس ملک کو آگے لے جانا ہے۔ اگر بچے اعلی تعلیم حاصل کرلیں گے تو ہوسکتا ہے کوئی وزیراعلیٰ بن جائے،آرمی کا جنرل ہوگایا کسی یونیورسٹی کا وائس چانسلر،سکول ڈیپارٹمنٹ ساڑھے پانچ لاکھ لوگوں پر مشتمل ہے جوتقریباًہماری فوج کے برابر ہے،اب تعلیمی انقلاب بھی آنا چاہیئے، ،وزیر اعلی پنجاب نے مسجد شہداء کے قریب ربیع الاول کے حوالے سے رکھے گئے ماڈلز کی نمائش کا دورہ کیا ، عوام میں گھل مل گئے۔ شہریوں نے سیلفیاں لیں، وزیراعلیٰ نے داتادربار میں بین الاقوامی میلادِ مصطفی ؐ کانفرنس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔کانفرنس میں مصر،ترکی، تنزانیہ اور دیگر ممالک کے علماء اورقراء بھی شریک ہوئے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے جامعہ الازہر مصر کے وائس چانسلراور حدیث کے اساتذہ محمد النصراور اسامہ محمد حسن کا خیرمقدم کیا ،وزیراعلیٰ نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پنجاب حکومت کی ٹیم ہسپتالوں،تھانوں اوردیگر عوامی اداروں کی حالت بہتر بنانے کیلئے کام کررہی ہے۔ مقصد صرف یہ ہے کہ ہم سے اللہ تعالیٰ اوراللہ کا رسول ؐ راضی ہو،تاکہ ہماری آخرت بھی سنورجائے۔ وزیراعلیٰ نے حضرت داتا گنج بخش علی بن عثمان الہجویری ؒکے مزار پر حاضری بھی دی ،چادرپوشی کی ،پھول چڑھائے دعا کی،وزیر اعلی نے مستونگ میں دھماکے کی شدید مذمت کررتے ہوئےکہا پنجاب حکومت کی ہمدردیاں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔