پنجاب میں کپاس کی پیداوار میں 64فیصد اضافہ

01 اکتوبر ، 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر) سیکریٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کپاس کے پیداواری ہدف سے متعلق اجلاس میں بتایا کہ حکومت پنجاب کی ترغیبات اور کاشتکاروں کی محنت کے باعث اب تک کپاس کی فصل سے 33 لاکھ 66 ہزار گانٹھوں کی پیداوار حاصل کی جا چکی ہے جو گزشتہ مالی سال کی پیداوار 20 لاکھ 47 ہزار گانٹھوں کے مقابل 64.4 فیصد زیادہ ہے، سیکرٹری زراعت نے مزید کہا کہ کپاس کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے حصول کے لیے امسال محکمہ زراعت کی ٹیمیں آخری ٹینڈے کی چنائی تک کھیتوں میں کاشتکاروں کے شانہ بشانہ شریک رہیں گی، اجلاس میں اڈیشنل سیکریٹری شبیر احمد خان، ڈائریکٹر جنرل رانا فقیر احمد، کنسلٹنٹ ڈاکٹر محمد انجم اور ڈائریکٹر مدثر عباس سمیت دیگر افسران نے شرکت کی، اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری زراعت کو بتایا گیا کہ صوبہ پنجاب میں کپاس کی چنائی کا عمل جاری ہے، موجودہ سال کپاس کے ٹینڈوں کا اوسط وزن 2.93 گرام ریکارڈ کیا گیا، ٹینڈوں کے اوسط وزن میں 13 فیصد اضافہ ہوا، کپاس کے ضرررساں کیڑوں کے تدارک کے لیے کھیتوں میں مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے اور کسی بھی رپورٹ ہونے والے ہاٹ سپاٹ ایریا پر فوری جدید کیمسٹری کی حامل زرعی ادویات کا سپرے کرایا جا رہا ہے، سیکرٹری نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کپاس کی قیمتیں مستحکم رکھنے کیلیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ کاشتکاروں کو اُن کی محنت کا معقول معاوضہ دلایا جا سکے۔