این ٹی سی کا ڈیٹا سینٹر سمیت اربوں کے پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ

01 اکتوبر ، 2023

اسلام آباد (ساجد چوہدری ) نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی )نے کراچی میں ڈیٹا سنٹر کے قیام ،آپٹیکل فائبر کیبل کی تنصیب سمیت اربوں روپے کے چار منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، جن میں گوادر سے کراچی سمندری حدود میں فائبر کیبل کی بچھائی اور بین الاقوامی زیرسمندر لینڈنگ سٹیشن کاقیام اور شکارپور سے کوئٹہ تک ڈیجیٹل رابطے (وائرلیس)کی فراہمی کے منصوبے بھی شامل ہیں ، ذرائع کے مطابق سندھ، بلوچستان حکومتوں اور یہاں پر بعض وفاقی حکومتوں کے اداروں کا ڈیٹا ہوسٹنگ کیلئے کراچی میں ڈیٹا سنٹر کے قیام کی تجویز ہے ، جس کیلئے ڈی ڈی ڈبلیو پی نے 920ملین روپے سے زیادہ رقم کی منظوری دے رکھی ہے، کوسٹل ہائی وے کے ساتھ آپٹیکل فائبر کیبل کی تنصیب منصوبے کے تحت 7سو کلومیٹر آپٹیکل فائبر کیبل کوسٹل ہائی وے وغیرہ کے منصوبے کیلئے بھی ڈی ڈی ڈبلیو پی 1545ملین روپے کی منظوری دے چکی ہے ،گوادر سے کراچی سمندری حدود میں فائبر کیبل کی بچھائی اور بین الاقوامی زیرسمندر لینڈنگ سٹیشن کے قیام کے منصوبے پر 50ملین ڈالر سے زائد رقم خرچ ہو گی ، شکارپور سے کوئٹہ تک ڈیجیٹل رابطے (وائرلیس)کی فراہمی کے منصوبے پر 425ملین روپے خرچ ہونگے۔