سیاستدان نشانے پر ہوتا ہے، پس پردہ حکمرانی کوئی اور کرتا ہے، فضل الرحمٰن

03 اکتوبر ، 2023

لاہور،خوشاب (مانیٹرنگ ڈیسک ،نمائندہ جنگ) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ سیاستدان نشانے پر ہوتا ہے، پس پردہ حکمرانی کوئی اور کرتا ہے۔پاکستان پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لئے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔ انتخابات بھی ہو جائیں گے ہم الیکشن کیلئے تیار بھی ہیں لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک کی معیشت بہترکی جائے کیونکہ عمران خان کی ساڑھے تین سالہ حکومت کا خمیازہ ہمیں برسوں بھگتنا پڑے گا۔ امت مسلمہ کے سربراہان سے پوچھنا چاہتا ہوں فلسطین کے حق میں آپ کا مؤقف کہاں دفن ہوگیا،جے یو آئی سربراہ نے کہا پی ڈی ایم اس وقت غیر فعال ہو چکا ہے اور یہ انتخابی اتحاد نہیں بنا اس لئے جمعیت علماء اسلام الیکشن میں ضلع خوشاب کے دو قومی اور چار صوبائی اسمبلی کے حلقوں سے اپنے امیدوار نامزد کرے گی ۔ وہ جوہرآباد میں جے یو آئی کے ضلعی ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا عالمی مالیاتی اداروں کسی دوسرے ملک پر دباؤ نہیں ڈالتے صرف ہم پر حکم چلاتے ہیں او ر ہم ان کا حکم ماننے کے بعد سینہ چوڑا کر کے کہتے ہیں مبار ک ہو ہمیں نیا پروگرام مل گیا، پاکستان میں دو کروڑ 70 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں، فلسطین انبیاء کی سرزمین ہے، ہمارے ملک کا مافیا ڈالر استعمال کر رہا ہے جبکہ احتساب کے نشانہ پر صرف سیاستدان باقی سب کو کھلی چھٹی ہے۔ 2018ء کے الیکشن میں دھاندلی کرکے حکومت بنائی گئی، آئی ایم ایف کے حوالے ملک کر دیا گیا، یہ غلامی اب نہیں چلے گی،پارلیمنٹ کو ایسے ایسے لوگوں سے بھر دیا جاتا ہے جنہیں قرآن و سنت کا پتہ ہی نہیں ہوتا، ہماری نوجوان نسل کو اس حد تک کھائی میں پھینکا گیا کہ وہ ہر طرح کی اخلاقیات سے دور چلا گیا اور دوسری جانب مدارس پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں۔