لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر چیئرمین نادرا مقرر ، نوٹیفکیشن جاری

03 اکتوبر ، 2023

اسلام آباد ( طاہر خلیل ) لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر کو چیئرمین نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) مقرر کردیا گیا ، تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے ، لیفٹینٹ جنرل منیر افسر جی ایچ کیو میں آئی جی کمیونی کیشن اینڈ آئی ٹی تعینات ہیں ، چیئرمین نادرا کی تعیناتی کا پینل پہلے ہی نگراں وزیراعظم کو بھجوایا جا چکا تھا وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن میں انکی مدت میعاد کا تعین نہیں کیا گیا جبکہ عمومی طور پر چیئرمین نادرا کی تقرری 3 سال کیلے ہوتی ہے ،لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر ہلال امتیاز (ملٹری) پاکستان آرمی اور اقوام متحدہ مشن میں آئی ٹی سے متعلق تکنیکی ترقی اور انتظام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں،وہ پبلک پالیسی اینڈ نیشنل سکیورٹی مینجمنٹ میں ایم فل ہیں انہوں نے 2010ءکے سیلاب کے دوران جی آئی ایس کے شعبہ میں پبلک پالیسی رسپانس پر تحقیقی مقالہ مرتب کیا، جیو گرافک انفارمیشن سسٹمز (جی آئی ایس) اور ریموٹ سینسنگ میں ایم ایس کیاہے، فوٹو میٹری کے ذریعے تیز رفتار جغرافیائی ڈیٹا تخلیق سے متعلق مقالے پر انہیں صدارتی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا، این ڈی یو واشنگٹن ڈی سی سے نیشنل ریسورس سٹریٹجی (سی اینڈ آئی ٹی انڈسٹری اینڈ سپلائی چین مینجمنٹ) میں ایم ایس کیا ، اسوقت وہ نسٹ اسلام آباد میں ریموٹ سینسنگ میں پی ایچ ڈی کے امیدوار ہیں انکا تحقیقی مقالہ ریموٹ سینسنگ اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے پلانٹ ڈزیزز کا پتہ لگانے سے متعلق ہے، آئی ٹی اور جی آئی ایس کے مختلف پہلوؤں سے متعلق کریڈٹ کیلئے انہوں نے متعدد تحقیقی اشاعتیں کیں آئی ٹی سے متعلق کام کے تجربہ میں ملٹری جیو گرافک انفارمیشن سسٹمز آفیسر کے طور پر یو این ایم ایس میں خدمات انجام شامل ہیں، 2010ءمیں سیلاب سے بحالی کیلئے جی آئی ایس ایپلی کیشن کی تیاری میں انکی وسیع پیمانے پر خدمات موجود ہیں، میجر جنرل کی حیثیت سے وہ ڈی جی کمانڈ، کنٹرول، کمیونی کیشن، کمپیوٹرز اینڈ انٹیلی جنس (C41) ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر جنرل بھی رہے، لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی کے بعد وہ انسپکٹر جنرل کمیونی کیشن اینڈ آئی ٹی کیساتھ کمانڈر پاکستان آرمی سائبر کمانڈ بھی رہ چکے ہیں۔