دھرنا کیس، حقائق پیش کرنے کیلئے ایک اور موقع دے رہے ہیں، چیف جسٹس

03 اکتوبر ، 2023

اسلام آباد(جنگ رپورٹر) عدالت عظمیٰ نےʼʼ فیض آباد دھرنا ʼʼ کیس کے مرکزی فیصلے کے خلاف دائر نظر ثانی درخواستوں متعلق مقدمہ کی عدالتی کارروائی کا تحریری حکمنامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کوئی فریق حقائق منظر عام پر لانا چاہتا ہے تو بیان حلفی کے ساتھ تحریری طور پر 27اکتوبر تک جمع کرادے، ، چیف جسٹس نے کہا حقائق پیش کرنے کیلئے ایک اور موقع دے رہے ہیں۔فاضل عدالت نے 28ستمبر کی سماعت کے تحریری حکم نامہ میں کہااٹارنی جنرل کے مطابق وزارت دفاع اپنی نظرثانی کی درخواست پر مزید کاروائی نہیں چاہتی ہے جبکہ انٹیلی جنس بیورو(آئی بی)،پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)،پاکستان تحریک انصاف اور الیکشن کمیشن کی جانب سے بھی نظر ثانی کی درخواستیں واپس لینے کی استدعا کی گئی ہے ِ، درخواست گزار شیخ رشید کی جانب سے نئے وکیل کی خدمات لینے کے لیے مزید مہلت مانگی گئی اعجاز الحق نے فیصلے کے صرف پیرانمبر4 پر اعتراض اٹھاتے ہوئے اس میں درستگی کی استدعا کی ہے ،عدالت نے اعجا زالحق کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا ان کا مو کل آئی ایس آئی کی رپورٹ کو درست نہیں سمجھتا ہے انہوں نے اپنے موکل سے ہدایات لینے کے لیے وقت مانگا ہے ، ،حکمنامہ کے مطابق اٹارنی جنرل نے موقف اختیار کیا ہے کہ فیض آباد دھرنہ کیس کا تعلق ایک محدود وقت کے واقعہ سے ہے اس لیے اسے وسیع نہیں کیا جانا چاہیے، آئندہ سماعت یکم نومبر کو ہوگی۔