عمران کی جان کو لاحق خطرات بڑھتے جارہے ہیں،شعیب شاہین

03 اکتوبر ، 2023

  کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شعیب شاہین نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جان کو لاحق خطرات بڑھتے جارہے ہیں،ن لیگ کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی عمران خان کو زہر دیئے جانے کا معصومانہ بیانیہ بنارہی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو زہر دینے کی بات صرف بہانے بازی ہے، تحریک انصاف ایسے بہانے بنا کر عمران خان کی ضمانت کروانا چاہتی ہے،سینئر صحافی شہباز رانا نے کہا کہ ٹیکس وصولی کے پہلی سہ ماہی کے اعداد و شمار بہت اچھے ہیں، ایف بی آر نے اچھا کام کیا ہے اسے کریڈٹ دینا چاہئے، شعیب شاہین نے کہا عمران خان کو جیل میں بطور سابق وزیراعظم تمام سہولتیں ملنی چاہئیں، جھوٹ پھیلایا جارہا ہے کہ عمران خان کو جیل میں تمام سہولتیں مل رہی ہیں، عمران خان کو اڈیالہ جیل میں سی کلاس تاریک کوٹھری میں رکھا گیا ہے، پی ٹی آئی کا کوئی بیک ڈور چینل نہیں ، الیکشن متنازع ہوگیا تو پاکستان کے مسائل کئی گنا بڑھ جائیں گے، ہمیں بتایا جائے پی ٹی آئی کے اٹھائے گئے لوگ کہاں ہیں، کسی نے جرم کیا ہے تو قانون کے مطابق اسے عدالت میں پیش کریں۔ طلال چوہدری نے کہا کسی شخص کی جان کو خطرہ جیل میں نہیں جیل کے باہر ہوتا ہے، نواز شریف کی ہیلتھ رپورٹس کی تصدیق چیئرمین پی ٹی آئی نے خود کروائی تھی۔سینئر صحافی شہباز رانا نے کہا وزیرداخلہ کی پریس کانفرنس کے مطابق جان بوجھ کر ڈالر کی اسمگلنگ ہونے دی گئی، سوال پیدا ہوتا ہے کہ آج جوا یکشن ہوا یہ تین ماہ پہلے کیوں نہیں کیا گیا۔ میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی کے مغربی پنجاب کے صدر فرخ حبیب جو نو مئی کے بعد روپوش تھے، پی ٹی آئی دعویٰ کررہی ہے کہ انہیں گوادر سے گرفتار یا اغوا کرلیا گیا ہے، اس کے بعد ایک انگریزی اخبار سے بات کرتے ہوئے بلوچستان کے نگراں وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے فرخ حبیب کی گرفتاری کی تصدیق بھی کردی لیکن ابھی تک فرخ حبیب کو پاکستان کی کسی بھی عدالت کے سامنے پیش نہیں کیا گیا ہے۔