پاکستان کیساتھ انسداد دہشت گردی پر تعاون جاری رہیگا، امریکا

03 اکتوبر ، 2023

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پریس کانفرنس کے دوران پاکستان میں ہونے والے خود کش حملے کی مذمت کی ہے اور متاثرین کے ساتھ گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت ان خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتی ہے جنہوں نے اس واقعے میں اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ ایک سوال کہ امریکا افغانستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو نشانہ کیوں نہیں بنا رہا، کے جواب میں میتھیو ملر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ انسداد دہشت گردی کے ایشو پر کثیر الجہتی فورمز پر تعاون جاری ہے، ہم دہشت گردوں کو شکست دینے کیلئے حکمت عملی پر پاکستان کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں، ر واں سال کے آغاز میں ہم نے دونوں ملکوں کو دہشت گردی سے درپیش مشترکہ خطرات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ سکھ رہنما کے قتل کے حوالے سے ایک سوال کہ بھارتی وزیر خارجہ سے اس معاملے پر کیا بات ہوئی تھی کے جواب میں میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ ہم اس ایشو پر کینڈین حکومت کےساتھ قریبی رابطے میں ہیں اور ہم نے بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ کینیڈین تحقیقات میں تعاون کرے۔