عدم تشدد کا عالمی دن ، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جنگی جرائم جاری

03 اکتوبر ، 2023

اسلام آباد ( وقائع نگار )آج جب دنیا بھر میں عدم تشدد کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مسلسل اپنے جنگی جرائم جاری رکھے ہوئے ہے،سرینگر اور دیگر علاقوں میں پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں جن پر حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی اور آر ایس ایس کے گٹھ جوڑ کی کشمیر دشمن پالیسیو ں کے خلاف نعرے درج ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کشمیریوں کے لیے عدم تشدد کا عالمی د ن بے معنی ہے کیونکہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اورقابض فورسز کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقو ق کی سنگین پامالیوں کے واقعات روزانہ کی بنیادپر جاری ہیں ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظربند رہنما نعیم احمد خان نے نئی دلی کی تہاڑ جیل سے جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ کشمیر جیسے سیاسی تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہو سکتا کیونکہ اس سے بڑے پیمانے پر ہلاکتوں اور تباہی کا خطرہ ہے ۔انہوں نے جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کو دبانے کیلئے فوجی طاقت کے وحشیانہ استعمال کی بھی شدید مذمت کی ۔