بشریٰ بی بی کو کب طلاق ہوئی، اب تک واضح موقف نہیں آیا،سول جج

03 اکتوبر ، 2023

اسلام آباد (خبرنگار) سول جج اسلام آباد قدرت اللہ نے پراسیکیوٹر کی استدعا پر چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف مبینہ غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت 12 اکتوبر تک ملتوی کر دی،جج نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو کب طلاق ہوئی اب تک واضح موقف نہیں آیا شیر افضل مروت ایڈووکیٹ نے کہا جس نے الزام لگایا اس نے ثابت کرنا ہے کہ عدت میں نکاح ہوا ، عدت میں نکاح ثابت ہو بھی جائے تو سزا نہیں ہو سکتی ، عدالت اس چیز کو بھی دیکھے کہ کیا یہ عوامی مفاد کا کیس ہے ، یہ ایک پراکسی کیس ہے اور بدنیتی پر مبنی ہے، طلبی کے باوجود چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت پیش نہ کیا گیا جبکہ پراسیکیوٹر بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے، عدالت نے پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی کی آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے شیر افضل مروت کو 12 اکتوبر کو اٹھائے گئے سوالات پر جواب دینے کی ہدایت کر دی۔