وزیرآئی ٹی کی آئی ٹی کمپنیوں ،سٹارٹ اپس سے ملاقاتیں، سرمایہ کاری کی راہ ہموار

03 اکتوبر ، 2023

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے )نگراں وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف کی قیادت میں پاکستانی وفد کی سعودی عرب میں کامیاب ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آئی ٹی کمپنیوں اوراسٹارٹ اپس سے ملاقاتوں میں ملٹی ملین ڈالرز سرمایہ کاری کی راہیں بھی ہموار ہوئی ہیں سپیشل انوسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے تحت آئی ٹی شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری لانے کی راہ میں اہم سنگ میل بھی طے ہوا ہے ،عمر سیف اور سعودی وزیرکمیونیکیشن اینڈ آئی ٹی انجینئر عبداللہ السواحہ کےمابین مفاہمتی یادداشت پردستخط بھی ہوئے ہیں جس کے مطابق سعودی عرب میں پاکستانی کمپنیوں کو کام کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ مراعات دی جائیں گی، سعودی کمپنیوں کو تربیت یافتہ آئی ٹی افرادی قوت فراہم کرنے کیلئے مشترکہ منصوبوں کو فروغ دیا جائیگا، ڈیجیٹل اکانومی، انفارمیشن ٹیکنالوجی کی کمپنیوں کو بنانے سنوارنے پربھی اتفاق کیا گیا ،جدیداندازکے مشترکہ ٹریننگ پروگرام، آئی سی ٹی میں ماہر افراد تک رسائی کیلئےمشترکہ کوششیں ہونگی، دونوں فریقین کا ماڈرن ٹیکنالوجی سنٹرز کےقیام اورٹاپ جامعات کے کیمپس کھولنے پر اتفاق کیا گیا ، جدید ٹیکنالوجی کے انوویشن سنٹرز اور سینٹر آف ایکسی لینس بھی قائم کئے جائینگے، ڈیجیٹلائزیشن، الیکٹرانک مینوفیکچرنگ کے میدان میں بھی ایک دوسرے سے بھر پور تعاون کیا جائیگا۔