مہنگائی میں 4 فیصد اضافہ، ستمبر میں شرح بڑھ کر 31.44 فیصد ہوگئی

03 اکتوبر ، 2023

اسلام آباد(کامرس رپورٹر ) ملک میں ماہ ستمبر میں مہنگائی کی شرح بڑھ کر 31.44فیصد ہو گئی ہے، کنزیومر پرائس انڈیکس کے مطابق ماہ ستمبر 2023 میں مہنگائی کی شرح میں اگست 2023کے مقابلے میں 4فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ گزشتہ برس ستمبر کے مقابلے میں 8.24فیصد اضافہ ہوا ہے،اگست میں مہنگائی کی شرح27.4فیصد اور گزشتہ برس ستمبرمیں مہنگائی کی شرح 23.2فیصد تھی ، رواں مالی سال کے پہلی سہ ماہی جولائی تا ستمبر کے دوران ملک میں مہنگائی کی اوسط شرح 29.04فیصد رہی جو گزشتہ برس اس عرصے میں 25.11فیصد تھی ، پاکستان بیورو آف شماریات نے ماہانہ افراط زر کے اعداد وشمار جاری کیےہیں ، ملک کے 35شہروں میں 356اشیاء اور دیہی علاقوں میں 244اشیاء کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا جن کے مطابق شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح میں 4.7فیصد اور دیہی علاقوں میں 3فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ،، ماہ اگست کے مقابلے میں ستمبر میں جن اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا ان میں پیاز کی قیمت میں 39.32فیصد ، دال مسور19.80فیصد ، تازہ سبزیاں 11.77فیصد ، چینی 10.28فیصد ، دال ماش 9.46فیصد ، پھلیاں 7.14فیصد ، مصالحہ جات 6.30فیصد ، گڑ 6.27فیصد ، دال مونگ 5.51فیصد ، تازہ پھل 4.46فیصد ، دال چنا 2.90فیصد ، دودھ پائوڈر 2.61فیصد ، تازہ دودھ کی قیمت میں 2فیصداور بیسن کی قیمت میں 1.94فیصد اضافہ ہوا ، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 11.30فیصد ، ایل پی جی 9.23فیصد ، ٹرانسپورٹ کرایوں میں 4.29فیصد اضافہ ہوا ، جن اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ان میں ٹماٹر کی قیمت میں 13.80فیصد ، مرغی 11.82فیصد ، خوردنی تیل 1.52فیصد ، آلو 1.07فیصد ، گندم 0.95فیصد ، چائے 0.73فیصد اور گندم کے آٹے کی قیمت میں 0.40فیصد کمی ہوئی۔