سیرت النبیؐ میں عصرِ حاضر کے تمام مسائل کا حل موجودہے، انیق احمد

03 اکتوبر ، 2023

اسلام آباد( نیوز رپورٹر،خصوصی نامہ نگار ) سیرت النبیﷺ میں عصرِ حاضر کے تمام مسائل کا حل موجود ہے۔ یہ بات نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد نے سوموار کو وفاقی ٹیکس محتسب میں منعقدہ سیرت کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کہی، وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے اپنے ادارے میں ’’ سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں عصر حاضر کے مسائل کا حل‘‘ کے موضوع پر سیرت کانفرنس منعقد کروائی ۔ کانفرنس میں ٹیکس محتسب کے افسران اور ملازمین میں نعت اور تقاریر کا مقابلہ بھی شامل تھا۔ انیق احمد نے مزید کہا اعلیٰ اخلاقیات وہی ہیں جو ہمیں اللہ کے رسول ﷺ نے بیان فرما دیے۔ سرکار دو عالم نے جو اخلاق حسنہ پیش کیے وہی اخلاقات کامعیار ہے۔ قرآن کریم حضرت مصطفی ﷺ کی سیرت کی پہلی کتاب ہے۔ ہمیں بطور قوم اور فرد قرآن کریم کے آئینے میں اپنا چہرہ دیکھنا چاہئے۔ قرآن میں انکے لیے سخت وعید ہے جو اللہ کی زمین پر اسکا نظام نافذ نہیں کرتے۔ تلاش حق اور اعلان حق کے بعد نفاذ حق کا مرحلہ آتا ہے۔ ڈاکٹر آ صف محمود جاہ نے کہا ہے کہ انسا نیت کی کامیابی رسول اللہﷺ کے اسو ہء حسنہ کو اپنا نے میں ہے، آخر میں مقابلہ نعت و تقاریر کے فاتحین کو اسناد اور نقد انعامات دیے گئے۔