پاکستان کیلئے غیرملکی فضائی کمپنیوں کی پروازوں کا آغاز کر دیا گیا

03 اکتوبر ، 2023

اسلام آباد (رپورٹ: حنیف خالد) پاکستان کیلئے غیر ملکی پروازوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جبکہ سال رواں کے اواخر میں برطانیہ‘ یورپ کی فضائی کمپنیوں کی براہ راست پروازیں کراچی‘ لاہور‘ اسلام آباد کیلئے شروع ہونے کے انتظامات کو آخری شکل دی جا رہی ہے۔ اسی طرح پاکستان کی قومی پرچم بردار ائرلائن پی آئی اے کی لندن‘ مانچسٹر‘ برمنگھم اور دوسرے یورپی دارالحکومتوں کیلئے پروازوں کا آغاز جنوری 2024ء میں کرنے کے انتظامات کر لئے گئے ہیں۔ سلطنت عمان کے دارالحکومت مسقط سے سلام ائرلائنز کی پہلی پرواز 2اکتوبر کی علی الصبح سوا تین بجے مسقط سے براہ راست پشاور پہنچ گئی۔ پشاور کے باچا خان ائرپورٹ پہنچنے پر پہلی بار آنے والی سلام ائر کی افتتاحی فلائٹ کو ٹیکسی وے پر فائر ٹینڈرز نے روایتی واٹر سلیوٹ پیش کیا۔ سلام ائر کے منیجنگ ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر آپریشنز بھی اسی فلائٹ سے پشاور پہنچے۔ سلام ائر نے ہفتہ میں دو مرتبہ پیر اور جمعرات کو مسقط سے پشاور کیلئے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔