نواز واپسی سے قبل قانونی تحفظ یقینی بنانے کی حکمت عملی کو حتمی شکل دیدی گئی

03 اکتوبر ، 2023

اسلام آباد (ایوب ناصر ،خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی سے قبل ’’قانونی تحفظ‘‘یقینی بنانے کی حکمت عملی کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ،پاکستان آنے سے پہلے نواز شریف عمراہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب جائینگے ،عمرہ ادائیگی کے بعد وہ دبئی جائینگے اور 21اکتوبر کو دبئی سے پاکستان کیلئے روانہ ہونگے، ن لیگی ذرائع کے مطابق پاکستان روانگی سے قبل لاہور ہائیکورٹ میں نواز شریف کے حفاظتی ضمانت کیلئے درخواست دی جائیگی جس میں ایک ہفتے کیلئے ضمانت کی گزارش کی جائیگی عدالتی حکم کی روشنی میں سابق وزیراعظم عدالت میں پیش ہو کر خود کو عدالت کے حوالے کر دینگے ، 21 اکتوبر کو نواز شریف مینار پاکستان پر جلسہ کر کے انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کرینگے، سابق وزیراعظم احتساب عدالتوں کی سزاؤں اور مستقل نااہلی کیخلاف قانونی چارہ جوئی کرینگے اس ضمن میں قانونی ماہرین منصوبہ بندی مکمل کر چکے ہیں نواز شریف عدالت کے حکم کی روشنی میں جیل جانے کی رضامندی بھی ظاہر کر چکے ہیں۔