چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی9 درخواستیں مسترد کرنے کافیصلہ کالعدم

03 اکتوبر ، 2023

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی 9 مئی واقعات ، اقدام قتل ، اسلام آباد میں احتجاج کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی ، جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ اور توشہ خانہ کی گھڑی کی فروخت کیلئے جعلی رسید پر درج مقدمات میں عدم پیروی پر ضمانت کی 9درخواستیں مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قراردیدیا ۔ عدالت نے کہا کہ ضمانت کی درخواستیں ٹرائل کورٹ میں زیر التوا تصور کی جائیں ، متعلقہ عدالتیں دلائل سن کر دوبارہ فیصلہ کریں۔ پیر کو عدالت عالیہ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل ڈویژن بنچ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستوں کی بحالی کی درخواستیں منظور کر لیں۔ادھر آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو کل 4 اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ عدالت نے پی ٹی آئی کے وکیل خالدیوسف کی سائفر کیس کی نقول فراہم کرنے کی درخواست بھی منظور کر لی۔ دریں اثناءاسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں درخواست ضمانت پر ان کیمرہ کارروائی کیلئے ایف آئی اے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ۔چیف جسٹس نے کہاکہ ٹرائل کورٹ میں بیان ہونا ہے وہ ٹرائل کورٹ کا اختیار ہے کہ ان کیمرہ کرتی ہے یا نہیں۔چیف جسٹس نے کہاکہ میں نے 9سال میں کسی کیس کی ان کیمرہ سماعت کی نہیں ، اب عدالت کی کارروائی براہ راست بھی ہو گی ، ابھی اس پر کمیٹی کام کررہی ہے ، لائیو سٹریمنگ ہو گی ، ہم نے یہ معاملہ فل کورٹ کے سامنے رکھا ہے۔