نگراں وزیر خارجہ تبت میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کرینگے

03 اکتوبر ، 2023

اسلام آباد ( وقائع نگار)نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کی خصوصی دعوت پر 4 سے 5 اکتوبر تک تبت کے خود مختار علاقے نینگچی میں منعقد ہونے والے تیسرے ٹرانس ہمالیہ فورم برائے بین الاقوامی تعاون میں شرکت کے لئے چین کا دورہ کر رہے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق ٹرانس ہمالیہ فورم کا آغاز 2018میں علاقائی ممالک کے درمیان جغرافیائی رابطے، ماحولیاتی تحفظ اور ثقافتی روابط کو بڑھانے سمیت متنوع موضوعات پر عملی تعاون کو گہرا کرنے کیلئے کیا گیا تھا۔ اس سال کے فورم کا تھیم ” ماحولیاتی تہذیب اور ماحولیاتی تحفظ“ ہے۔نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی تبت میں اپنے قیام کے دوران ٹرانس ہمالیہ فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کریں گے۔