عوام پہچان لیں کون عوامی احتساب سے بھاگ رہا، کون تیار ہے، بلاول

03 اکتوبر ، 2023

لاہور(نمائندجنگ ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام پہچان لیں کون عوامی احتساب سے بھاگ رہا ، کون تیارہے، کبھی کوئی نام نہاد لیڈر ٹی وی پر حلقہ بندیوں کی بات کرتا ہے، تو کوئی کہتا ہے کہ جنوری میں ٹھنڈ بہت ہوگی، اور کوئی لیڈر کہتا ہے کہ امن و امان کا مسئلہ ہوگا ، عوام کو ایسے لیڈروں کو پہچاننا چاہیے کہ وہ کون ہیں جو الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔ جب تک الیکشن کی تاریخ کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوتاہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص فنڈز منجمد کرنے کا معاملہ چیف الیکشن کمشنر اور نگران وزیراعلیٰ کے سامنے اٹھایا جائے گا، ضرورت پڑی تو عدالت سے بھی رجوع کیا جائے گا۔ بلاول نے سانحہ کارساز کی 16 ویں برسی ملک بھر میں ضلعی سطح پر بھرپور انداز میں منانے کا بھی اعلان کیا ہے، پی پی پی چیئرمین نے بلاول ہاوَس میں سندھ بھر کے بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے پی پی پی امیدواروں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بلدیاتی اداروں کے منتخب نمائندوں پر زور دیا کہ وہ عوام کے مسائل کے حل لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ اپنی رِٹ قائم کریں ، چیف الیکشن کمشنر اور نگران وزیراعلیٰ کو خط لکھ کر ترقیاتی منصوبوں پر عائد پابندی کا معاملہ اٹھائیں۔