چیف جسٹس فائز عیسیٰ دوران سماعت وکیل کی غلط بیانی پر شدید برہم

03 اکتوبر ، 2023

اسلام آباد(جنگ رپورٹر) چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے وکیل کی غلط بیانی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وکیل صاحب آپ کی غلط بیانی پکڑی گئی ، آپ پھر بھی معذ رت بھی نہیں کر رہے ہیں، چیف جسٹس کی سربراہی میں جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل تین رکنی بنچ نے سوموار کے روز قتل کے مقدمہ کی سماعت کی ، چیف جسٹس نے استفسارکیا کتنے ملزمان گرفتار ہیں؟ انہوں نے بتایا تمام ملزمان گرفتار ہو چکے ، سرکاری وکیل نے کہا سات میں سے دو مفرور ہیں،چیف جسٹس نے کہا کہ وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی غلط بیانی پکڑی گئی لیکن معذرت نہیں کر رہے ہیں ، اپنا مقدمہ کیوں تباہ کر رہے ہیں، عدالت کے استفسار پر سرکاری وکیل نے کہا مقدمے کا چالان ابھی تک جمع نہیں ہوا ،انہوں نے ٹرائل کورٹ میں چالان جمع کرانے کے لیے مہلت مانگی عدالت نے کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی۔