7واں این ایف سی ایوارڈ، معاشی ترقی اور تعلیم کے شعبے پر مثبت اثرات مرتب

03 اکتوبر ، 2023

اسلام آباد( مہتاب حیدر)ساتویں این ایف سی ایوارڈ کے تحت مالی مرکزیت کو محدود کرنے کے نتیجے میں پاکستان کی معاشی ترقی اور تعلیم کے شعبے پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں لیکن صحت کے شعبے میں مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں ناکامی رہی۔ محصولات کی عدم مرکزیت ملک کی صحت کی حیثیت کے لئے فائدہ مند ثابت نہیں ہوئی ۔ اس کی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ مقامی سطح کی حکومتوں کی جانب سے سماجی شعبوں میں محصولات کی وصولی ترقی پذیر ممالک میں کرپشن کی نذر ہو جاتی ہے، اس طرح اس کے مثبت اثرات سامنے نہیں آتے ہیں، ماہر معاشیات ڈاکٹر نادیہ فاروق سرکاری مالیاتی اعداد و شمار کی بنیاد پر 1982 سے 2018 تک تحقیق کر چکی ہیں، انہوں نے "مالی لامرکزیت اور پاکستان میں اس کے سماجی و اقتصادی اثرات" کے عنوان سے اپنے تحقیقی مقالے میں کہاکہ ساتویں این ایف سی ایوارڈ کے بعد اخراجات کی مرکزیت نے معاشی ترقی اور تعلیم پر انتہائی اہم اور مثبت اثرات مرتب کیے جبکہ متوقع عمر پر اس کے اثرات بہت اچھے نہیں، یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں مالیاتی لامرکزیت ایک متنازعہ مسئلہ بن چکا ہے کیونکہ اس کے کٹر حامی اور مخالفین موجود ہیں، تاہم ، ایک دلیل یہ ہے کہ حکومت کے تیسرے درجے کے وسائل جیسے مقامی حکومتوں کو منتقل کرنے کے لئے مزید مرکزیت کی ضرورت ہے تاکہ بہتر خدمات کی فراہمی کے حصول کے لئے اخراجات کو زیادہ موثر بنایا جاسکے۔