ایشین گیمز ہاکی، پاکستان کو جاپان سے شکست، میڈل کی امید ختم

03 اکتوبر ، 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشین گیمز میں پاکستانی ہاکی ٹیم کی میڈل جیتنےکی امیدیں جاپان کے ہاتھوں شکست کے بعد دم توڑ گئیں ۔ پاکستان سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوکر اب پانچویں پوزیشن کیلئے کھیلے گا ۔ بھارت کے خلاف 10-2 کی بدترین شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کو ایک اور شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ جاپان نے پاکستان کو 3-2 سے شکست دیکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔اس ناکامی کے بعد پاکستان کو اولمپکس کیلئے کوالیفائنگ راؤنڈ شریک ہوگا۔ پیر کو ہانگزو میں ارشد لیاقت نے کھیل کے 5ویں منٹ میں فیلڈ گول کرکے پاکستان کو برتری دلائی جوکہ جاپان کے کائیٹو ٹاناکا نے اگلے ہی منٹ میں پینلٹی کارنر کے ذریعے گول کرکے ختم کردی۔ جاپان نے 17ویں منٹ میں دوسرا اور 28ویں منٹ میں تیسرا گول اسکور کیا گیا ۔ پاکستان کی جانب سے دوسرا گول ارباز احمد نے پینلٹی کارنر پر کیا۔