سینٹرل کنٹریکٹ پر تحفظات، اہم پلیئرز کو ٹاپ کیٹگری میں ہونا چاہیے، مصباح

03 اکتوبر ، 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی سی بی ٹیکنیکل کمیٹی کے سربراہ مصباح الحق نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کیلئے ٹیم سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ کی بنائی ہوئی ہے، چیئرمین نے ان کو مکمل بیک کیا ہے، سوال بھی ان سے ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم مشکلات میں ہے۔ ایشیا کپ میں بھارت کیخلاف میچ میں ہارنے کے بعد ٹیم کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔ ٹیم کو واپس ٹریک پر آنے کیلئے اسپیشل پرفارمنس دینا ہوگی۔ پیر کو نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ پر میرے بھی کچھ تحفظات ہیں، اس میں میری رائے شامل نہیں ہے۔ اہم ممبران کو سینٹرل کنٹریکٹ کی ٹاپ کیٹیگری میں ہونا چاہیے۔ یہ سلیکشن کمیٹی اور مینجمنٹ کا فیصلہ ہے۔ فخر کو پریشر سے باہر نکلنا ہوگا ۔بھارت کے خلاف میچ سے قبل نیدر لینڈ اور سری لنکا کے دونوں میچز کافی اہم ہیں ۔ کچھ اوپر نیچے ہوا تو پریشر آجائے گا۔