حماس کی کارروائی اسرائیل کیلئے پرل ہاربر حملہ ثابت ہوئی

09 اکتوبر ، 2023

کراچی (نیوز ڈیسک) حماس نے ہفتے کو علی الصبح اسرائیل کیخلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی دفاعی نظام کو ہلا کر رکھ دیا ہے، امریکی اخبار کے مطابق دفاعی تجزیہ کاروں نے اس حملے کو اسرائیل کیلئے پرل ہاربر حملے سے تشبیہ دی ہے۔ اسرائیل کئی دہائیوں سے ٹیکنالوجی کا پاور ہاوس بنا ہوا ہے جہاں دنیا کی سب سے طاقتور سمجھی جانے والی مسلح افواج اور دنیا کی مشہور انٹیلی جنس ایجنسی بھی موجود ہے تاہم ان سب کے باوجود ہفتے کے روز اسرائیلی فوج خود کو اس طرح کے حملے کیلئے تیار نہ رکھ پائی۔اسرائیلی حکام کے لئے سوالات کھڑے ہوگئے ہیں۔ کس طرح سے دنیا کی غریب ترین آبادی سے اسرائیل پر اس طرز کا حملہ کرسکتا ہے۔؟ اسرائیلی افواج کے سابق ترجمان جوناتھن کونریکس کا کہنا ہے کہ اسرائیل کا پورا نظام ناکام رہا، یہ صرف ایک عنصر نہیں بلکہ اسرائیل کا پورا دفاعی ڈھانچہ ناکام ہوا۔