اسرائیل کی مدد کیلئے آنے والا جنگی امریکی بحری بیڑہ جدید میزائلوں سے لیس

10 اکتوبر ، 2023

کراچی(رفیق مانگٹ)اسرائیل کے اندر حماس کے مہلک حملے کے چند گھنٹے بعد، امریکی صدر جو بائیڈن نے مشرق وسطیٰ میں اپنے قریبی اتحادی کے لیے غیر متزلزل حمایت کا اعلان کیا۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق پینٹاگون نے اعلان کیا کہ وہ اسرائیل کو اضافی جنگی سازوسامان بھیج رہا ہے اور بحریہ کے جنگی جہازوں کو اسرائیل کے قریب لے جا رہا ہے،حکام نے بتایا کہ بحری جہاز راستے میں تھے لیکن پہنچنے میں چند دن لگیں گے۔ آسٹن نے یہ بھی کہا کہ امریکہ خطے میں فضائیہ کے لڑاکا طیاروں اور حملہ آور طیاروں کی تعداد میں اضافہ کر رہا ہے ۔ امریکی حکام نے مخصوص ہتھیاروں کے نظام سے انکار کر دیا، لیکن آزاد تجزیہ کاروں نے کہا کہ اسرائیل ممکنہ طور پر اپنے آئرن ڈوم میزائل دفاعی نظام کے ساتھ ساتھ حملہ آور طیاروں کے لیے بموں اور میزائلوں کے لیے مزید انٹرسیپٹرز کی درخواست کرے گا۔ پینٹاگون نے اسرائیل بھر میں تقریباً چھ مقامات پر تقریباً 2 ارب ڈالر مالیت کے اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ بھی رکھا ہے۔ یہ ذخیرے پینٹاگون کو مشرق وسطیٰ کے تنازعات میں استعمال کرنے کے لیے ہتھیار اور گولہ بارود فراہم کرتے ہیں۔