عسقلان شہرخالی کردیں،حماس،غزہ کا محاصرہ غیر قانونی ،اقوام متحدہ،فلسطینی ریاست کا قیام ضروری،روسی صدر

11 اکتوبر ، 2023

کراچی (ایجنسیاں، جنگ نیوز)حماس کی فوجی کارروائی ’سیلاب الاقصیٰ‘کے چوتھے روز بھی گھمسان کی جنگ جاری رہی اور اسرائیل کی جانب سے غزہ کے شہریوں کو شہرچھوڑنے کے انتباہ کے بعد حماس نے عسقلان ( اشکلون) کے شہریوں کو دو گھنٹے میں شہر چھوڑنے کا انتباہ جاری کیا جس کے خاتمے پر شہر پر 100 میزائلوں سے حملہ کیا گیا جس سے شہر میں زبردست دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ اسرائیل نے رات بھر غزہ پرمسلسل فضائی حملے جاری رکھے اور غزہ کے کرامہ محلے میں فاسفورس بم استعمال کیے (جن کے استعمال پربین الاقوامی پابندی ہے)۔غزہ پرحملوں کے جواب میں فلسطینی مزاحمتی تنظیموں نے تل ابیب کے بن گوریان ایئر پورٹ پر بھی راکٹ حملے کیے تاہم اسرائیل نے ان کی تردید کی ہے۔ حماس نے جنگ کے مکمل خاتمے تک قیدیوں کے تبادلے پر مذاکرات سے صاف انکار کردیا ہے۔ ادھر ترک میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج آئرن ڈوم سسٹم سے لیس کچھ یونٹوں کو گولہ بارود فراہم نہیں کرپا رہی، امریکا نے انٹرسیپٹرمیزائل اور دیگرسازوسامان اسرائیل بھجوادیا، ہے اسی دوران چیچنیا کے صدر رمضان قدروف نے فلسطین میں چیچن امن فوج کی پیشکش کی ہے۔ لبنان کی سرحد پر ایک 300 ویں بریگیڈ کا صہیونی کمانڈر مارا گیا۔ اسی دوران اقوام متحدہ نے غزہ کے اس محاصرے کو غیر قانونی قرار دیاہے جس کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیلی وزیردفاع نے شہر کی خوراک، پانی ، بجلی اور ایندھن بند کرنے کی دھمکی دی تھی۔ روسی صدر نے تنازع کے خاتمے کےلیے فلسطینی ریاست کے قیام کو ضروری قرار دیا ہے۔ یورپی یونین کے خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل نے کہا ہے کہ زیادہ تر یورپی ریاستیں فلسطینی امداد روکنے کے خلاف ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق امریکا کے انٹرسپٹر میزائل اسرائیل کی درخواست پر بھجوائے جاچکے ہیں، دیگرمطلوبہ آلات بھی بھجوائے گئے ہیں تاہم اس امرکا کوئی امکان نہیں کہ امریکی فوجی میدان میں اتر کراسرائیلی فوج کی مدد کریں۔ چوتھے روز کی جنگ میں موصولہ اطلاعات کے مطابق اب تک ہلاک ہونے والے صیہونیوں کی تعداد 1100 سے تجاوز کرچی ہے جبکہ 2ہزار741 سے زائد اسرائیلی زخمی بھی ہوئے۔دریں اثنا حماس نے واضح کیا ہے کہ وہ لڑائی کے خاتمے تک مغویوں پر کوئی مذاکرات نہیں کریں گے۔ اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر کے مطابق اس وقت حماس کی حراست میں 100 سے 150 تک اسرائیلی شہری موجود ہیں۔ ادھرغزہ پر اسرائیل کے فضائی حملے میں140 بچوں سمیت830 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں جبکہ 4250 فسلطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ایک لاکھ ستاسی ہزار فلسطینی بے گھر ہوگئے ہیں۔ منگل کوخان ن یونس کے علاقے میں اسرائیلی طیاروں نے ایک ایمبولینس کو نشانہ بنایا، جبکہ بیت لیہہ کے علاقے میں تین صحافیوں سمیت 5 فلسطینی اسرائیلی بمباری میں شہید ہوگئےمنگل کو ہی غزہ سے بھی اسرائیلی شہر ایشکلون پر تقریبا 100 راکٹ داغے گئے۔ اسرائیلی فوجی ترجمان نے اعتراف کیا ہے کہ حالات کنٹرول کرنے میں توقع سے زیادہ وقت لگ رہا ہے، حماس کا حملہ امریکا میں میں ہونے والے نائن الیون کے حملے جیسا تھا۔غزہ کے علاقے ’ رضوان‘ کے ایک محلے پر ہونے والے حملے کے نتیجے میں 5 فلسطینی شہید ہوگئے۔ ادھر لبنان کے شیبہ فارم کی پہاڑیوں پر اسرائیل نے شیلنگ کی ہے ارو اس کے ڈرون نچلی پروازیں کر رہے ہیں۔ لبنانی علاقے برکات رشہ پر ھبی بمباری کی ہے جس کے جواب میں جنوبی لبنان سے بھی مقبوضہ فلسطین کی صیہونی آبادیوں پر راکٹ داغے گئے۔امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ اسرائیل پر حملہ شیطانی اقدام ہے،امریکا اسرائیل کی فوجی امداد بڑھا رہا ہے۔ امریکی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا اسرائیل کی پشت پر ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ امریکا اس بات کو یقینی بنائے گا کہ اسرائیل اپنا دفاع کرسکے۔حملوں کا جواب دینا اسرائیل کا حق اور فرض ہے۔ امریکی وزارت خارجہ نے رات گئے اعلان کیا کہ امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن اسرائل کے لئے روانہ ہونگے۔