جنگ بندی کیلئے سعودی ولی عہد کے فلسطین، اردن اور مصر سے رابطے

11 اکتوبر ، 2023

کراچی (نیوز ڈیسک) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کیلئے فلسطین، اردن اور مصر کے رہنمائوں سے رابطے کئے ہیں، سعودی عرب نے منگل کو اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس بلایا ہے جس میں غزہ میں بڑھتی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، او آئی سی کے وزرائے خارجہ غزہ اور اس کے نواح میں عسکری کارروائیوں اور بڑھتی کشیدگی کا جائزہ لیا جائے گا جو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرے کا باعث بن رہی ہے، سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس بات پر زور دیا کہ ان کا ملک فلسطینی دھڑوں کی جانب سے گذشتہ ہفتے کے روز شروع ہونے والے "طوفان الاقصیٰ" آپریشن میں فلسطینی عوام کے حقوق کے حصول کے لئے ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی کابینہ کے اجلاس میں فلسطینی صدر، اردن کے فرمانروا اور مصری صدر کے ساتھ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ ٹیلی فونک رابطوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ سعودی عرب نے تینوں ممالک کے ساتھ ٹیلی فونک رابطوں کے دوران اس امر پر زور دیا کہ’ غزہ اور اس کے گرد ونواح میں جنگ بند کرانے اور اس کا دائرہ پھیلنے سے روکنے کے لیے تمام علاقائی اور بین الاقوامی فریقوں کے ساتھ مزید رابطے اور کوششیں ضروری ہیں۔