غزہ میں لاکھوں انسانوں کی جانیں خطرے میں ہیں،تجزیہ کار

11 اکتوبر ، 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’رپورٹ کارڈ‘‘میں میزبان کے سوال موجودہ حالات میں فلسطینیوں کے پاس کیا آپشن موجود ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ غزہ میں لاکھوں انسانوں کی جانیں خطرے میں ہیں،مظہر عباس نے کہا کہ حماس نے کسی دوسرے ملک پر نہیں بلکہ اپنے علاقے کو خالی کروانے کیلئے حملہ کیا اسے مداخلت نہیں کہا جاسکتا، حماس اور حزب اللہ جیسی تنظیمیں ناجائز قبضوں اور ظلم و زیادتی کیخلاف ردعمل ہوتی ہیں، اسرائیل کے مسلم ممالک سے بڑھتے تعلقات میں فلسطینیوں کو کچلا جارہا ہے ایسے میں وہ کیا کرتے، اعزاز سید نے کہا کہ اسرائیل پر حملہ ایسے وقت ہوا ہے جب سعودی عرب اور اسرائیل میں سفارتی تعلقات بننے جارہے تھے، حالیہ تنازع شروع کرنے کا ذمہ دار وہ ہے جس نے اسرائیل پر حملہ کردیا، جب آپ اپنے سے زیادہ طاقتور سے لڑائی کریں گے جواب ملے گا۔عمر چیمہ کا کہنا تھا اسرائیل نے غزہ کا 2008ء سے محاصرہ کیا ہوا ہے، فلسطینی سمجھتے ہیں کہ تمام عرب ممالک اسرائیل کو تسلیم کرلیتے ہیں تو ہمارا کیس لڑنے والا کوئی نہیں ہے، اسرائیل غزہ پر حملوں میں ابھی بھی فاسفورس استعمال کرر ہا ہےجو جنگی جرائم میں آتا ہے ،حماس نے اس حملے سے دو بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔