معاشی ترقی کیلئے سیاسی استحکام ضروری خوشحالی چاہتے ہیں تو نواز شریف کا والہانہ استقبال کرنا ہوگا،شہباز شریف، لیگی قائد 5روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

13 اکتوبر ، 2023

کراچی (جنگ نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہےکہ معاشی ترقی کے لیے سیاسی استحکام لانا ہوگا، معاشی اور سیاسی استحکام ایک دوسرے سے جڑا ہے۔ جبکہ دوسری جانب لیگی قائدمیاں نواز شریف5روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔ لاہور میں تاجروں سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تاجر کی دکان چلے گی تو پاکستان چلےگا، معیشت مستحکم ہوگی تو ترقی اور خوشحالی آئےگی، وقت کی ضرورت ہے کہ ملک میں معاشی اور سیاسی استحکام آئے، ہر روز دھرنوں کی دھمکیاں، نہ جانے کیا کیا زبان استعمال کی گئی، معاشرے میں تقسیم در تقسیم کردی گئی، ملک کو پاؤں پر کھڑا کرنا ہے تو تقسیم ختم کرنا ہوگی۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے ریاست بچانے کے لیے سیاست قربان کردی۔ 16 ماہ میں ریاست کو بچایا اور سیاست کی پروا نہیں کی۔اگر ریاست نہ بچتی تو سب کی سیاست دفن ہو جانی تھی۔ ہم نے نوجوانوں کو ہنرمند بنانا ہے،کلاشنکوف نہیں لیپ ٹاپ دینا ہے۔ خوش حالی، معاشی انصاف اور غربت کا خاتمہ چاہتے ہیں تو نواز شریف کا والہانہ استقبال کرنا ہوگا۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی وخوش حالی کاسفر 2018 سے شروع کرےگا، نواز شریف نے بیس بیس گھنٹے کے اندھیرے ختم کیے، سی پیک آیا اور تیس ارب ڈالرکی سرمایہ کاری ہوئی، نواز شریف کی ترقی کا سفر ختم کیا گیا تو ملک میں اندھیرے اور تباہی ہوئی۔ ادھرپاکستان مسلم لیگ ( ن) کے قائد نواز شریف 5 روزہ نجی دورے پرلندن سے سعودی عرب پہنچ گئے۔پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف کی عمرے کی ادائیگی کے بعد اعلی سعودی حکام و سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔ نواز شریف 17 یا 18 اکتوبر کو سعودی عرب سے متحدہ عرب امارات پہنچیں گے جہاں ان کی متحدہ عرب امارات کے حکام سے ملاقاتوں کا امکان ہے۔ نواز شریف قطر کا مختصر دورہ بھی کر سکتے ہیں۔نواز شریف قطر کے ممکنہ دورے کے بعد دوبارہ دبئی پہنچیں گے اور 21 اکتوبر کو خصوصی طیارے کے ذریعے وطن واپس آئیں گے۔ نواز شریف 19نومبر 2019 کو علاج کے لیے برطانیہ گئے تھے۔