نواز شریف کے استقبال کی تیاریاں ،ماڈل ٹائون میں کنٹرول روم قائم

13 اکتوبر ، 2023

لاہور ( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئیں ، (ن) لیگ کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز کی ہدایت پر پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق انوشہ رحمان، شزہ فاطمہ خواجہ، راحیلہ خادم حسین، احمد سعید محسن، بابا فیلبوس، رومینہ خورشید سمیت دیگر کو ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں ۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مینار پاکستان جلسے میں کتنی گاڑیوں پر کتنے آدمی پہنچیں گے، پارٹی نے تکنیکی بنیادوں پر ڈیٹا اکھٹا کرنا شروع کر دیا ہے ۔ ماڈل ٹائون سیکرٹریٹ میں قائم مرکزی کنٹرول روم کو عہدیداروں، سابق اراکین اسمبلی سے تفصیلات موصول ہونا شروع ہو گئی ہیں ۔پارٹی ذرائع میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہدف کے مطابق کارکن نہ لانے والے عہدیداروں کو آئندہ عام انتخابات میں ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔