پاکستان کے دفاع پر سمجھوتہ نہ کرنے والا نواز شریف قوم کو معاشی قوت بنائے گا، مریم نواز

13 اکتوبر ، 2023

لاہور ( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر وچیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے دفاع پر سمجھوتہ نہ کرنے والا نوازشریف قوم کو معاشی قوت بنائے گا،نوازشریف نے پاکستان کے وقار اور قومی مفادات کے تحفظ کی جنگ لڑی ہے، ایک بار پھر عوام اور ملک کو بچانے واپس آرہا ہے، ملک وقوم سے وعدے نبھانا اور مشکلات سے نکالنا ہی نوازشریف کی روایت ہے، ایٹمی قوت پاکستان کو معاشی قوت بنائیں گے، یہی ایجنڈا پورا کرنے نوازشریف آرہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 126اور این اے 130کی یونین کونسلوں کے چیئرمینوں، کونسلروں اور کارکنوں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کے دوران کیا ۔اس موقع پر سینئر پارٹی رہنما پرویز رشید ، رانا مشہود احمد خاں ، مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر ، جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر ، سابق ٹکٹ ہولڈر مہر اشتیاق، خواجہ احمد حسان ، حافظ میاں نعمان ، سید توصیف شاہ اور چوہدری باقر حسین بھی موجود تھے ۔ مریم نواز شریف نے یونین کونسلوں کے نمائندوں، کارکنوں اور پارٹی رہنمائوں سے 21 اکتوبر کی تیاریوں پر مشاورت کی جبکہ ملاقات میں قائد محمد نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ 12 اکتوبر1999ء کا یوم سیاہ ہوئے 24سال ہوگئے، نوازشریف نے ہمیشہ ملک کو بحرانوں سے نکالاتھا، بین الاقوامی اور داخلی مسائل میں گھرے پاکستان کو بچایا تھا ، پاکستان کو دنیا کا ساتواں اور اسلامی دنیا کا پہلا ایٹمی ملک بنایا ، نوازشریف کو دھمکی اور لالچ دی گئی لیکن انہوں نے پاکستان کے دفاع اور وقار پر سمجھوتہ نہ کیا ، نوازشریف نے کہا تھا کہ پاکستانی آزاد ہیں اور آزاد رہیں گے، ہمیں غلامی کی زندگی قبول نہیں، پاکستان اور عوام کے حق کے لئے کھڑا ہونا نوازشریف کی روایت ہے، مشکلات میں گھرے پاکستان کو آج پھر نوازشریف کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب خراب ہونے کے بعد اب سب ٹھیک کرنے کے لئے نوازشریف کی ضرورت ہے، ملک وقوم سے وعدے نبھانا اور مشکلات سے نکالنا ہی نوازشریف کی روایت ہے، ملک اور قوم کو زخم لگتے ہیں، ہر بار نوازشریف آکر مرہم رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے پاکستان کے وقار اور قومی مفادات کے تحفظ کی جنگ لڑی ہے، نوازشریف ایک بار پھر عوام اور ملک کو بچانے واپس آرہا ہے، ایٹمی قوت پاکستان کو معاشی قوت بنائیں گے، یہی ایجنڈا پورا کرنے نوازشریف آرہا ہے، پاکستان کے دفاع پر سمجھوتہ نہ کرنے والا نوازشریف قوم کو معاشی قوت بنائے گا۔مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام نوازشریف کودوتہائی ووٹ دیں، نوازشریف آپ کو مہنگائی سے نجات دلائے گا ، عوام نوازشریف کا ساتھ دیں کیونکہ ہمیشہ نوازشریف نے عوام کا ساتھ دیا ہے۔