بشریٰ بی بی کو گرفتاری سے قبل آگاہ کرنے کی درخواست قبل از وقت قرار دیکر نمٹا دی گئی

13 اکتوبر ، 2023

اسلام آباد (این این آئی)توشہ خانہ اور190ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں احتساب عدالت نے بشریٰ بی بی کو گرفتاری سے قبل آگاہ کرنے سے متعلق درخواست قبل از وقت قرار دے کر نمٹا دی جبکہ بشریٰ بی بی کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیب چھپن چھپائی نہ کھیلے گرفتاری مطلوب نہیں تو بشریٰ بی بی کی ضمانت کنفرم کردیں۔جمعرات کو توشہ خانہ کیس اور 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں گرفتاری سے قبل آگاہ کئے جانے کے حوالے سے درخواست کی سماعت احتساب عدالت میں ہوئی ۔فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا جسے کچھ دیر بعد سناتے ہوئے جج نے درخواست کو قبل از وقت قرار دے کر نمٹا دیا ۔فیصلے میں عدالت نے کہاکہ نیب کو بشریٰ بی بی کی گرفتاری مطلوب نہیں ہے تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ فیصلہ کے مطابق نیب گرفتاری سے قبل ملزم کو آگاہ کرنے کی پابند نہیں ہے دوران سماعت وکیل صفائی لطیف کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ گرفتاری کے معاملے پر نیب کو چھپن چھپائی نہیں کھیلنی چاہیے ،اگر گرفتاری مطلوب نہیں تو بشریٰ بی بی کی ضمانت کنفرم کردیں ۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ بشریٰ بی بی کی گرفتاری مطلوب نہیں ہے اور آج بھی یہی کہہ رہے ہیں نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نیب قانون گرفتاری سے قبل آگاہ کئے جانے کی کوئی شق موجود نہیں ہے، لطیف کھوسہ کے عدالتی فیصلوں کی نظیریں درست نہیں عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا جسے کچھ دیر بعد سنایا گیا۔