عمران خان کو خود چیک کیا ،انکی ذہنی و جسمانی صحت بہت اچھی ہے، ذاتی معالج

13 اکتوبر ، 2023

راولپنڈی(آئی این پی)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عثمان یوسف نے کہا ہے کہ عمران خان کی ذہنی اور جسمانی صحت بہت اچھی ہے۔عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عثمان یوسف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سے مل کر بہت خوشی ہوئی، مجھے ان کی صحت پہلے سے بہتر لگی۔ ڈاکٹر عثمان یوسف نے کہا کہ گولی لگنے کے بعد عمران خان ورزش کم کر رہے تھے جس سے ان کا وزن بڑھ گیا تھا تاہم اب چیئرمین پی ٹی آئی کی صحت ذہنی اور جسمانی طور بہت اچھی ہے۔ عمران خان کے معالج نے میڈیا سے گفتگو میں کہا مجھے چیئرمین پی ٹی آئی کے مکمل چیک اپ کی اجازت دی گئی، میں نے خود ان کو چیک کیا، مجھے ان کی صحت بہتر لگی ہے۔ ڈاکٹر عثمان کے مطابق عمران خان کو ہاضمے کا تھوڑا مسئلہ ہے جو انہیں پہلے بھی ہوتا تھا، ہاضمے کے لیے ان کو ایک ٹیسٹ اور میڈیسن تجویز کی ہے۔ واضح رہے کہ آج اڈیالہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ان کی قانونی ٹیم نے بھی ملاقات کی، اس ملاقات میں بیرسٹر علی ظفر، بیرسٹر عمیر نیازی اور بیرسٹر علی گوہر شامل تھے۔