شیخوپورہ ،دوران ڈکیتی خواتین سے زیادتی کرنیوالے 5 ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک

13 اکتوبر ، 2023

شیخوپورہ ، فیصل آباد (جنگ نیوز، ایجنسیاں)ڈکیتی کے دوران2بہنوں سے زیادتی کرنے والے5ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگئے۔ڈی پی او شیخو پورہ زاہد نواز کے مطابق سرگودھا شیخوپورہ بائی پاس پر پولیس مقابلے کے دوران ملزمان کے ساتھیوں نے پولیس وین پر فائرنگ کی۔ پولیس نے حملہ آوروں کا گھیراؤ کرلیا۔ زیر حراست ملزمان اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے۔ حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئےسرچ آپریشن جاری ہے۔ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ ہلاک ملزمان دوران ڈکیتی خواتین سے زیادتی کرتے تھے اور اس طرح کے متعدد واقعات میں ملزمان کی شناخت ہوئی ہے اور ڈی این اے بھی میچ ہوئے ہیں۔ملزمان نے ایک ماہ قبل ڈکیتی کے دوران 2 بہنوں کا ریپ کیا تھا۔ دوسری جانب لاہور کے علاقوں داتا دربار،گلشن راوی،مسلم ٹائون اور مغلپورہ سے 4 نامعلوم افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ ایدھی ترجمان کے مطابق داتا دربار کے قریب سے 45 سالہ ،گلشن راوی کے علاقے سے 30 سالہ ،مغلپورہ کے علاقہ سے 60 سالہ شخص اورمسلم ٹائون موڑ کے قریب سے نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے ۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد لاشیں مردہ خانے منتقل کردیں۔ ادھر فیصل آباد کے تھانہ سرگودھا روڈ میں گھریلو جھگڑے پر بھائی نے بھائی کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا، بتایا جاتا ہے کہ چک 237 کھڈیاں کے رہائشی شہباز عرف غوری اور اسکا بھائی جعفر حسین کے درمیان جھگڑا چل رہا تھا۔ گزشتہ شب دونوں بھائیوں میں دوبارہ تلخ کلامی ہوئی تو جعفر نے مبینہ طور پر فائرنگ کر کے بڑے بھائی شہباز بری زخمی کردیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کر دی۔