بھارت مقبوضہ کشمیر میں سیاسی اختلافات دبانے کیلئے وحشیانہ اقدامات کررہا ہے، حریت کانفرنس

13 اکتوبر ، 2023

سرینگر (نیوز ایجنسیاں)مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں سیاسی اختلافات کو وحشیانہ اقدامات کے ذریعے دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔ سید بشیر اندرابی، خواجہ فردوس، غلام نبی سمجھی، جنید الاسلام، محمد یاسین عطائی، مولانا مصعب ندوی اور محمد رمضان نے شوپیاں میں 2 نوجوانوں کے ایک جعلی مقابلے میں قتل کی شدید مذمت کی اور کہا کہ بدنام زمانہ بھارتی ایجنسیاں چھاپوں کی آڑ میں جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کر رہی ہیں۔ دوسری جانب حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنماؤں غلام محمد صفی، الطاف حسین وانی اور شیخ عبدالمتین پر مشتمل وفد نے اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی برائے کشمیر یوسف ایم الدوبے سے ملاقات کی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل میں او آئی سی کے کردار پر زور دیا۔ نمائندہ خصوصی سے یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں او آئی سی کے اراکین فروری 2024میں انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے دوران مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر انکوائری کمیشن کے قیام کے لیے او آئی سی کی ایک مشترکہ قرارداد پیش کریں۔