بلوچستان ہائیکورٹ:فاطمہ جناح ہسپتال سے احتجاجی کیمپ ہٹانے کا حکم

13 اکتوبر ، 2023

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان ہائی کورٹ کے ججز جناب جسٹس محمد کامران خان ملا خیل اور جناب جسٹس اقبال احمد کاسی پر مشتمل بینچ نے فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف چیسٹ ڈیزیز ہسپتال کے احاطے سے احتجاجی کیمپ فوری طور پر ہٹانے کا حکم دے دیا،یہ احتجاجی کیمپ ہسپتال کے ڈیلی ویجز ملازمین کی جانب سے لگایا گیا ہے -معزز عدالت نے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو بھی حکم دیا کہ ہسپتال انتظامیہ کو اس ضمن میں اگر مشکلات پیش آئیں تو ڈی سی احتجاجی کیمپ ہٹانے کو یقینی بنائیں- معزز عدالت کو ایگزیکٹو ڈائریکٹر FJICD کوئٹہ نے درخواست گزاروں کی ملازمت کی صورتحال کے حوالے سے بتایا کہ ان تمام ملازمین کو کووڈ 19 کے دوران ہنگامی طور پر تعینات کیا گیا تھا لیکن اس کے بعد فنڈز کی کمی اور ایمرجنسی سروسز کے خاتمے کی وجہ سے ان کی خدمات کی مزید ضرورت نہیں رہی اور انسٹیٹیوٹ کو مزید ملازمین بھرتی کرنے یا یومیہ اجرت پر کام کرنے والے عملے(درخواست گزاروں) کو باقاعدہ بنانے کی کوئی اجازت نہیں دی گئی ہے اب یہ ملازمین ہڑتال کر رہے ہیں اور ہسپتال کے احاطے میں کیمپ لگا رکھا ہے جس سے انتظامیہ و مریضوں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا ہے معزز عدالت نے انہیں معاون دستاویزات کے ساتھ جواب جمع کرانے کا حکم دیا، معزز عدالت نے کیس کی اگلی سماعت دو ہفتے بعد مقرر کرتے ہوئے جواب دہندگان اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو حکم نامہ کی کاپیاں اطلاع اور تعمیل کے لیے بھجوانے کا بھی حکم دیا۔