نواز شریف کی نا اہلی سپریم کورٹ کی آبزرویشن کے بعد ختم ہوگئی، تارڑ

13 اکتوبر ، 2023

اسلام آباد (خبر نگار) سابق وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پریکٹس اینڈ پروسیجر کیس فیصلہ پر خوشی ہے،نواز شریف کی نا اہلی سپریم کورٹ کی آبزرویشن کے بعد ختم ہوگئی۔پارلیمان کے قانون کی حوصلہ افزائی ہوئی، الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد نواز شریف اب اہل ہیں، پارلیمان کے بنائے ہوئے قانون کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ نااہلی کے حوالے سے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد نواز شریف اب اہل ہیں۔ باقی نیب سے متعلق جو نواز شریف کے کیسز ہیں جب نواز شریف وطن واپس لوٹیں گے تو میرٹ پر انہیں دیکھا جائے گا۔ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اس قانون کو برقرار رکھا ہے۔ سپریم کورٹ نے اس بات کا احاطہ کیا ہے کہ قانون سازی کرنا پارلیمنٹ کا اختیار ہے۔ اپیل کے معاملے پر سپریم کورٹ نے بھی اپنا مختلف فیصلہ دیا ہے۔ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد نواز شریف کے معاملے پر یہ اپیل اتنی اہم نہیں ہے۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد تاحال وہ معاملہ چیلنج نہیں ہوا اور وہ رائج الوقت ہے۔