جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیے بغیر ترقی و خوشحالی ممکن نہیں ،گورنر

13 اکتوبر ، 2023

سبی (نامہ نگار) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے آج سبی کا دورہ کیا اور انتہائی مصروف دن گزارہ. سابق نگران وزیراعلیٰ نواب غوث بخش باروزئی، وائس چانسلر لسبیلہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر دوست بلوچ، میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی کے قائمقام وائس چانسلر جانوش بلوچ، کمیشنر بشیر احمد بنگلزئی بھی ان کے ہمراہ تھے. میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی پہنچ کر گورنر بلوچستان کو یونیورسٹی سے متعلق بریفنگ دی گئ اور یونیورسٹی کے مین کمیپس کے پروجيکٹ ڈاٸریکٹر میر جہازیب ساتکزٸی نے مختلف منصوبہ جات پر بریفنگ دی جہاں گورنر بلوچستان نے کہا کہ میر چاکر خان رند یونیورسٹی کے تعلیمی و انتظامی اہداف کو بروقت پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے جدید ٹیکنالوجی اور تحقيق سے استفادہ کیے بغیر ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں کیا جا سکتا. انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کوالٹی ایجوکیشن کے حصول سے ہی ممکن ہے کیونکہ اچھی تعلیم ایک مضبوط معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے. ایک مرد کی تعلیم ایک فرد کی تعلیم ہے جبکہ ایک عورت کی تعلیم ایک خاندان کی تعلیم ہے. انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات کو معیاری تعلیم اور مناسب تربیت کے مواقع فراہم کرنا بہت ضروری ہے. موجودہ دور میں جدید تعلیم اور تحقیق کے سوا آگے بڑھنے کا کوئی راستہ نہیں. گورنر بلوچستان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ماضی کے مقابلے میں اس بار نہ صرف تعلیمی بجٹ میں اضافہ کیا ہے بلکہ جدید علم پر مبنی تحقیق کو بھی خصوصی اہمیت دے رکھی ہے. قبل ازیں گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکٹر میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور یونیورسٹی کے احاطے میں آئی ٹی لیب کا افتتاح کیا. گورنر بلوچستان نے یونیورسٹی کے احاطے میں پودا بھی لگایا.بعدازاں گورنربلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے لیپ تقسیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور وہاں طلبا ٕ و طالبات میں لیپ ٹاپس تقسیم کیے. گورنر بلوچستان نے اسٹوڈنٹس پر زور دیا کہ اپنی تمام تر توجہ اور قیمتی وقت اپنی پڑھائی پر خرچ کریں کیونکہ انفرادی ہو یا اجتماعی صرف تعلیم ہی اقوام عالم میں اپنا مقام دلوا سکتی ہے.۔