ونڈزورتھ کا جیل خانہ غیر محفوظ اور غیرانسانی ہے،واچ ڈاگ

13 اکتوبر ، 2023

لندن (پی اے) واچ ڈاگ نے ایک رپورٹ میں ونڈزورتھ کے جیل خانے کو غیر محفوظ اور غیرانسانی قرار دے دیا ہے۔ واچ ڈاگ نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ ونڈزورتھ میں گزشتہ سال کے دوران اصلاح احوال کے لئے کوئی حقیقی تبدیلی نہیں کی گئی جس سے جیل خانے کے نظام کی ناکامی ظاہر ہوتی ہے۔ یہ رپورٹ ڈینیل خلیفہ کے جیل سے فرار سے قبل لکھی گئی تھی۔ جیل خانہ جات سروس کے ایک ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ سنگین معاملات کے تدارک کے لئے فیصلہ کن اقدام کئے گئے ہیں۔ انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ بورڈ کو یہ رپورٹ گزشتہ سال یکم جون سے رواں سال 31مئی تک کی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برسوں سے فنڈ کی کم فراہمی کی وجہ سے جیل خانہ اور اس کا عملہ غیر محفوظ ماحول کا شکار ہو گیا ہے۔ جہاں تشدد کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال عملے کی کمی سے جیل خانہ کی کارکردگی متاثر ہوئی موجود افسران کی تعداد بمشکل 50فی صد تھی جب کہ عملے پر حملوں سمیت ہر شعبے میں حملوں کی شرح میں 20فی صد اضافہ ہوا۔ قیدیوں کی جانب سے قیدیوں پر مجموعی طور پر 524حملے کئے گئے جن میں سے 301معاملات پولیس کے سپرد کئے گئے۔ آئی ایم بی نے متنبہ کیا ہے کہ بی کیٹگری کے اس جیل خانے کی حالت بدستور غیر انسانی ہے۔ مانیٹرنگ بورڈ نے جیل خانے میں گنجائش سے زیادہ قیدی رکھے جانے کی بھی نشاندہی کی ہے۔