فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز،پاکستان، کمبوڈیا کا میچ برابر

13 اکتوبر ، 2023

نوم پنھ( نیوز ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز کے سلسلے میں پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان کھیلا جانے والا پہلا لیگ بغیر کسی گول کے برابر ہوگیا، دونوں ٹیمیں مقررہ وقت میں کوئی گول نہ کرسکیں۔پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان میچ میزبان ملک کے دارالحکومت نوم پنھ کے اولمپک اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں پاکستان نے رینکنگ میں اپنے سے 20درجے بہتر ٹیم کا جم کر مقابلہ کیا، پاکستان کے بہترین دفاعی کھیل کی بدولت کمبوڈیا کی ٹیم گول کرنے میں ناکام رہی۔دوسری جانب پاکستانی کھلاڑیوں کی بھی حریف کے خلاف گول کرنے کی کوششیں کامیاب نہ ہوسکیں، کمبوڈیا کے خلاف ڈرا میچ کی بدولت پاکستان کا مسلسل 12شکست کا سلسلہ ٹوٹ گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کوالیفائرز کا سیکنڈ لیگ پاکستان میں اسلام آباد کے جناح اسٹیڈیم میں 17 اکتوبر کو ہوگا۔