شمالی برطانیہ :بٹلی میں دیوار گرنے سے 20سالہ نوجوان ہلاک

13 اکتوبر ، 2023

لیڈز( زاہدانور مرزا) شمالی برطانیہ کے قصبے بٹلی میں دیوار گرنے سے 20سالہ نوجوان ہلاک جب کہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا جسے ڈیوز بری کے مقامی ہسپتال میں لے جایا گیا،زخمی شخص کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق پرسیورینس ٹیرس میں جائے وقوعہ پر پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ، پولیس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ سانحہ کیسے ہوا، دیوار گرنے کے بعد یارکشائر ایمبولنس سروس کے ذریعے ویسٹ یارکشائر پولیس سے رابطہ کیا گیا جہاں پیرا میڈیکس نے دو افراد کو زخمی حالت میں پایا جن میں سے ایک ملبے کے نیچے پھنسا ہوا تھا اور وہ شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں چل بسا جب کہ دوسرا شدید زخمی ہسپتال میں زیر علاج ہے۔پولیس نے تصدیق کی ہے کہ موت کو مشتبہ نہیں سمجھا جا رہا ہے اور دوسرے شخص کے زخموں کو جان لیوا نہیں سمجھا جا رہا ، پولیس کے ایک ترجمان نے کہاگزشتہ شام 7.29بجے، پولیس کو ایمبولنس سروس کے ذریعے ایک واقعے کے بارے میں رابطہ کیا گیا جہاں پرسیورینس ٹیرس، بٹلی میں دیوار گرنے کا واقعہ پیش آیا۔