یورپی یونین کامارک زکربرگ اور ایلون مسک کو انتباہ

13 اکتوبر ، 2023

برسلز( نیوز ڈیسک)یورپی یونین نے گزشتہ روز میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) کے سربراہ ایلون مسک کو ’غلط معلومات‘ پھیلانے پر انتباہ جاری کر دیا۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اسرائیل اور حماس کی جاری جنگ کے دوران سماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹس بالخصوص ایکس، فیس بُک اور انسٹاگرام پر غلط معلومات خوب وائرل ہو رہی ہیں۔اس کے پیش نظر یورپی کمشنر تھیری بریٹن نے مارک زکربرگ اور ایلون مسک کو خط تحریر کرتے ہوئے انتباہ جاری کیا ہے۔تحریر کردہ خط میں تھیری بریٹن کا کہنا ہے کہ توقع ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جعلی خبروں و دیگر غلط معلومات پر مبنی مواد کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کریں گے۔انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ یورپین قوانین کی روشنی میں دونوں کمپنیاں اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فامرز ایکس، فیس بُک، انسٹاگرام، واٹس ایپ اور تھریڈز پر پھیلنے والی غلط معلومات کا جائزہ لیں اور انہیں روکنے کیلئے کیے جانے والے متناسب اور مؤثر اقدامات سے 24گھنٹوں کے دوران آگاہ کریں۔ میٹا کو جاری کردہ خط میں انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر پلیٹ فارم ای یو کے ڈی ایس اے ایکٹ میں شامل ڈس انفارمیشن ضوابط پر عملدرآمد کرنے میں ناکام رہتا ہے تو کمپنی کو سالانہ ٹرن اوور کا 6 فیصد تک بطور جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔