غزہ پر اسرائیل کی بدترین بمباری، عالمی ثالثی کوششیں شروع، سعودی ولی عہد اور ایرانی صدر میں تاریخی رابطہ

13 اکتوبر ، 2023

غزہ ، تل ابیب (جنگ نیوز، اے ایف پی) غزہ پر اسرائیل کی بدترین بمباری کا سلسلہ جاری ، 6روز میں فلسطینی علاقے پرکلسٹر بموں سمیت 6ہزار سے زائد بم داغ دیئے،شہر پر فضائیہ، بحریہ اور توپخانے سے چاروں اطراف سے بمباری،ہر 30سیکنڈز بعد غزہ پر ایک بم گرایا جارہا ہے ، جمعرات کے روز مزید 150فلسطینی شہید ہوگئے، شہداء کی تعداد 1417ہوگئی ،غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ شہداء میں 450 بچے اور 250 خواتین شامل ہیں جبکہ 6ہزار سے زخمیوں میں بھی خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ مقبوضہ مغربی کنارے میں مسلح یہودی آبادکاروں نے بھی فلسطینی شہریوں پر حملے شروع کردیئے، دو فلسطینی شہریوں کو فائرنگ کرکے شہید کردیا گیا ۔ اسرائیل میں حماس کے حملوں میں ہلاک افراد کی تعداد 1300ہوگئی ہے ۔ حماس نے سیدروت سمیت مختلف اسرائیلی علاقوں پر راکٹ حملے کئے ہیں ۔ اسرائیل نے شام کے دارالحکومت دمشق اور شمالی شہر حلب کے ہوائی اڈوں پر بمباری کر کے دونوں کے رن ویز کو نقصان پہنچایا ہے۔ جس سے دونوں ہوائی اڈوں سے فضائی سروس معطل کر دی گئی ہے۔شامی فوج کے ذرائع نے اسرائیل کے ان حملوں کو اسرائیل کی طرف سے ایک چال قرار دیتے ہوئے کہا اس چال کے ذریعے اسرائیل دنیا کی توجہ اپنے اندر حماس کے حملوں سے پیدا صورت حال سے ہٹانا چاہتا ہے۔