عمران سے ڈیل کی تو نو مئی جیسے واقعات نہیں روک سکیں گے،محسن شاہنواز

13 اکتوبر ، 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“میں میزبان حامد میر نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ 12اکتوبر کے دن ہمیں 12 اکتوبر 1999ء کو یاد رکھنا چاہئے جب ملک میں مارشل لاء نافذ کرکے منتخب حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا تھا،ہم نے اس مارشل لاء کے ایک اہم کردار لیفٹیننٹ جنرل (ر) شاہد عزیز کے ساتھ گفتگو کی تھی لیکن آج کل یہ اہم کردار لاپتہ ہوچکا ہے، ان کی کتاب ”یہ خاموشی کہاں تک؟ “ بھی مارکیٹ سے غائب کردی گئی ہے، میں یاد دلانا چاہتا ہوں بارہ اکتوبر 1999ء کے مارشل لاء کی ہماری اعلیٰ عدلیہ نے توثیق کی تھی۔ سینئر رہنما مسلم لیگ ن محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ عمران خان سے ڈیل کی گئی تو نو مئی جیسے واقعات روکے نہیں جاسکیں گے ، ترجمان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ نہ ڈیل کی بات ہوئی نہ وہ کبھی ڈیل کریں گے، ماہر قانون سلمان اکرم راجانے کہا کہ پروسیجر اینڈ پریکٹس ایکٹ کی شق مسترد کرنے سے نواز شریف کا راستہ مسدود ہوگیا، سینئر رہنما مسلم لیگ ن محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ آئین میں تاحیات نااہلی کا کوئی ذکر نہیں ہے آئین اس پر خاموش ہے، سپریم کورٹ نے آرٹیکل 62ون ایف کے تحت نواز شریف کو تاحیات نااہل کر کے آئین دوبارہ لکھا تھا، آرٹیکل 62ون ایف کو reconcile الیکشن ایکٹ میں ترمیم کر کے کیا گیا ہے،نواز شریف واپس آکر الیکشن لڑیں گے۔ محسن شاہنواز رانجھا کا کہنا تھا کہ 184/3کے تحت سیاسی فیصلوں سے ہٹ کر ایسے کئی فیصلے ہیں جس میں عام شہری متاثر ہوئے ہیں، ایسے ہی ایک فیصلے کی وجہ سے کراچی میں نسلہ ٹاور کے رہائشی سڑکوں پر آگئے ہیں، 184/3کے فیصلوں پر اپیل کا حق دینے کا مقصد قانون ایسے ہی متاثرہ شہریوں کوموقع دینا تھا۔ محسن شاہنواز رانجھا کاکہنا تھاکہ میرے علم میں عمران خان کی ڈیل کی کوئی بات نہیں ہے، نہ ہی عمران خان نے ملک سے باہر جانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔