اسرائیل ، حماس جنگ عالمی معیشت کیلئے نیا خطرہ ہے ، IMF

13 اکتوبر ، 2023

میراکش (اے ایف پی) آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا نے کہا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ عالمی معیشت کے لئے نیا خطرہ ہے ،عالمی معیشت کو پہلے ہی کمزور نموکا سامنا تھا، تنازع کے اثرات کا اندازہ لگانا قبل از وقت ہے۔مراکش کے شہر مراکش میں آئی ایم ایف اورورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں سے خطاب میں کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ بغور نگرانی کر رہا ہے کہ صورتحال کیا رخ اختیار کرتی ہےاور تیل کی منڈیوں پراس کے کیا اثرات مرتب ہورہے ہیں۔جارجیوا نے نشاندہی کی کہ حماس اسرائیل تنازع شروع ہونے سے پہلے تیار کیا گیا رواں ہفتے کے اوائل میں جاری ہونے والا آئی ایم ایف کا ورلڈ اکنامک آؤٹ لک پہلے ہی کمزور عالمی نمو ظاہر کر چکا ہے۔انہوں نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ ہم شدید جھٹکوں کا سامنا کر رہے ہیں جو کہ اب ایک ایسی دنیا کے لیے معمول بنتے جا رہے ہیں جو کمزور نمو اور اقتصادی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے کمزور ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس کے درمیان تنازع کے اثرات کا اندازہ قبل از وقت ہے۔تاہم کرسٹالینا جارجیوا نے مزید کہا کہ واضح طور پر یہ عالمی معیشت کےابرآلود افق پر نہ صرف نیا بادل ہےبلکہ یہ نیا بادل اس افق کو تاریک کر رہا ہے۔آئی ایم ایف نے رواںسال کے لیے اپنی شرح نمو کی پیشن گوئی 3 فیصد رکھی ہے،تاہم2024 کے لیےاسے کم کر کے 2.9 فیصد کر دیا ہے، اور خبردار کیا ہے کہ معیشت لڑکھڑاتی رہے گی لیکن دوڑے گی نہیں۔