نواز شریف کی عمرہ ادائیگی،روضہ رسولﷺپر بھی حاضری دینگے

13 اکتوبر ، 2023

کراچی(ٹی وی رپورٹ)مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے پاکستان کی طرف قدم بڑھا دیئے۔ ملکی سیاست کروٹ لینے لگی۔ میاں نوازشریف کی لندن سےسعودی عرب آمد، عمرہ ادا کیا۔ روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پرحاضری دیں گے۔ سعودی حکام سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں،قائد ن لیگ نے پاکستان کے استحکام اور سلامتی کیلئے دعائیں کیں۔ نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز اور اسٹاف کے کچھ ممبران نے بھی انکے ہمراہ عمرہ ادا کیا۔ قائد ن لیگ نواز شریف عمرہ کی ادائیگی کیلئے حرم شریف پہنچے،جہاں انہوں نے عمرہ کی سعادت حاصل کی،نواز شریف کے ہمراہ حسین نواز ، ناصر جنجوعہ ، مولوی شکور ، راشد نصراللہ بھی تھے۔سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف وطن واپس آنے کیلئے لندن سے آج ہی سعودی عرب پہنچے تھے۔ سعودی عرب میں کچھ دن قیام کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف دبئی پہنچیں گے جہاں سے 21 اکتوبر کو خصوصی طیارے میں وہ لاہور پہنچیں گے۔