ملک کو پاپولر لیڈر کی نہیں پراپر لیڈر کی ضرورت ہے،احسن اقبال

13 اکتوبر ، 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا کہ ملک کو پاپولر لیڈر کی نہیں پراپر لیڈر کی ضرورت ہے،تحریک انصاف کے ترجمان بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ تو دور کی بات ہے تحریک انصاف کو فیلڈ میں اترنے کی اجازت نہیں ہے،میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان چھ دن سے جاری تنازع اور تصادم کی وجہ سے مشرق وسطیٰ میں ایک نئی علاقائی جنگ چھڑنے کا خدشہ بڑھتاجارہا ہے۔ نمائندہ خصوصی جیو نیوز اعزاز سید نے کہا سائفر کیس میں سترہ اکتوبر کو فرد جرم عائد ہونے جارہی ہے، توقع کی جارہی ہے سائفر کیس کا فیصلہ دو سے ڈھائی ماہ میں آجائے گا۔ شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا جنگ اسرائیل اور فلسطین کی سرحدوں سے نکل کر ہمسایہ ممالک لبنان اور شام تک پہنچ گئی ہے، آنے والے دنوں میں اس جنگ کے مزید ممالک تک پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ اقوام متحدہ مسلسل غزہ میں انسانی امداد پہنچانے کیلئے رسائی فراہم کرنے کا مطالبہ کررہا ہے ،دوسری طرف حماس کے حملوں سے اسرائیل میں مرنے والوں کی تعداد 1300سے زائد ہوگئی ہے۔