اسلام آباد ،فریڈم پارٹی پر پابندی کیخلاف بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ

13 اکتوبر ، 2023

اسلام آباد(کے پی آئی) نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید کشمیری رہنما شبیر احمد شاہ کی سربراہی میں قائم جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی(ڈی ایف پی) پر پابندی کیخلاف اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ حریت کانفرنس اور جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام مظاہرے کی قیادت حریت کانفرنس کے سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی نے کی جبکہ راجہ نجابت حسین ،سرور حسین کے علاوہ حریت قائدین ، سیاسی و سماجی ر ہنماؤں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔اس موقع پر امتیاز وانی،راجہ نجابت حسین و دیگر نے کہا کہ بھارتی حکومت کی طرف سے ڈی ایف پی پر پابندی قابل مذمت ہے ،سیاسی تنظیم پر جھوٹے اور من گھڑت الزامات لگا کر پابندی لگانابھارتی جمہوریت کے ماتھے پر بدنما داغ ہے حق وانصاف کیلئے اٹھنے والی آواز ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے کبھی دبی ہے اور نہ آئندہ دب سکے گی۔ انہوں نے کہاکہ اسرائیل کی طرح بھارت نے بھی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نیا سلسلہ شروع کررکھا ہے عالمی برادری کو بھارت اور اسرائیل کے ہاتھوں مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کی حالت زار کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت مذموم مقاصد میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گی اور کشمیری غیر قانونی بھارتی قبضے کیخلاف اپنی مزاحمت جاری رکھیں گے ۔ مظاہرے سے سناوالہ ذار، حا جی سلطان ، پرویز احمد، انجینئر محمود ، خادم حسین، منظور ڈار اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔